مسلح افواج کی بے مثال قربانیاں قوم کیلئے باعث فخر ہیں،علماء کرام

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)اہل سنت وجماعت کے قائدین نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے عالمی امن کے قیام کیلئے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور مسلح افواج پاکستان کی بے مثال قربانیاں پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام اور سالمیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواجِ پاکستان کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

کشمیر پریس کلب میرپور میں خطاب کرتے ہوئے چئیرمین سنی علماء مشائخ کونسل آزادکشمیر مفتی محمد وسیم رضا،مفتی محمد اسلم نقشبندی، علامہ عبدلغفور تابانی، الحاج چوہدری ریاض عالم ایڈووکیٹ، پیر سید مراد علی شاہ، علامہ عبدالخالق نقشبندی، علامہ حافظ فاروق نقشبندی، علامہ پیر رضوان چشتی، پیر سائیں یونس حیدری، پیر محمد اعجاز چشتی، علامہ خورشید نقشبندی، علامہ قاری مبارک، علامہ عبدالرشید ، علامہ قاری رفاقت علی نقشبندی، قاری فاروق مجددی، چوہدری عبدالعزیز ایڈووکیٹ، علامہ قاضی شفیق الرحمان، علامہ حافظ حامد کمال،اور خلیفہ عبدالسلام اور دیگر علماء بھی موجود تھے ، قائدین نے فیلڈ مارشل جنرل حافظ عاصم منیر کے جرات مندانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اہل سنت وجماعت کا ہر فرد دفاعِ وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا عالمی سطح پر ‘مرکزی کردار’، کامیابیاں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت عملی کا نتیجہ ہیں، خواجہ آصف

چیئرمین علماء و مشائخ کونسل مفتی محمد وسیم رضانے پریس کانفرنس سے خطاب میں مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر صحت، معیاری تعلیم اور جدید روڈ انفراسٹرکچر کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی۔

متفقہ نصابِ تعلیم کے نفاذ اور تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔ نظریہ الحاقِ پاکستان کو مزید مضبوط بنانے اور معاشرے سے ہر قسم کی فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

اہل سنت وجماعت کے جید علماء کرام، دینی تنظیموں کے ذمہ داران، خانقاہوں اور آستانوں کے سجادہ نشین حضرات کی مشاورت سے آئندہ انتخابات میں بھرپور اور منظم انداز میں حصہ لینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان عالمی امن کا ضامن بن گیا؛ عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور میر واعظ کا پاکستانی سفارتکاری کو خراجِ تحسین

مقررین کا کہنا تھا کہ اہل سنت سوادِ اعظم ہیں، اور برصغیر میں پاکستان کے قیام میں اہل سنت کے مشائخ و علماء کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ ان کی اولادیں آج بھی پاکستان اور کشمیر کی بقا و سالمیت کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کا امن کے حوالے سے مثبت تشخص ابھر کر سامنے آیا ہے، ایسے میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔

تمام سیاسی جماعتوں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے یہ عہد کیا گیا کہ ناموسِ رسالت ﷺ اور عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کیلئے اکابرین کی قربانیوں کے تسلسل کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور خطے کی ترقی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔

Scroll to Top