’’پاکستان میں ہی رکیں‘‘ ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی صحافی کو اہم ہدایت

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی خاتون صحافی کیٹلین ڈورنبوس کو پاکستان میں ہی رکنے کی ہدایت کر دی ہے، جس کے بعد ان توقعات کو مزید تقویت ملی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بھی اسلام آباد میں منعقد ہو سکتا ہے۔ امریکی صحافی کیٹلین ڈورنبوس نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کو فون کر کے قیاس آرائیوں سے آگاہ کیا تھا اور اپنی واپسی کی فلائٹ کا ذکر کیا، جس کے محض 37 منٹ بعد صدر ٹرمپ نے انہیں خود کال کر کے پاکستان میں رکنے کا مشورہ دیا۔

خاتون صحافی کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “اگر میں آپ کی جگہ ہوتا تو اسلام آباد میں ہی رہتا، حالات بدل رہے ہیں اور اگلے 48 گھنٹوں میں اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔” کیٹلین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی اس کال کے بعد انہوں نے اپنے ایڈیٹر کو مطلع کر دیا ہے کہ انہیں اب مزید پاکستان میں قیام کرنا ہوگا کیونکہ صدر ٹرمپ کی رائے میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور اب غالب امکان یہی ہے کہ پاکستان کو ایک بار پھر ان اہم مذاکرات کی میزبانی کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل بہترین شخصیت،ایران سے مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوسکتا ہے ،صدرٹرمپ

اگرچہ امریکی صدر کے خود ان مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد کے ممکنہ دورے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم کیٹلین ڈورنبوس نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ نے انہیں بتایا ہے کہ وہ اسلام آباد آنے والے وفد کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اس صورتحال نے سفارتی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آنے والے دو دن اسلام آباد کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: دنیا ایک بار پھر ‘جنگل کے قانون’ کی طرف جا رہی ہے، چینی صدر شی جن پنگ

Scroll to Top