چیئرمین وزیراعظم عملدرآمد کمیشن کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی کا اچانک دورہ

چیئرمین وزیراعظم عملدرآمد کمیشن چوہدری حسن اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی کے نظام اور مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کوٹلی، اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی، ڈپٹی میڈیکل سپرنڈنڈنٹ ڈاکٹر حسنین بخاری اور تحصیلدار کوٹلی سٹی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ چیئرمین نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور وہاں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو بھی کی۔ انہوں نے مریضوں سے ہسپتال میں ملنے والی سہولیات کے معیار کے بارے میں براہِ راست دریافت کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شکریہ پاکستان: ایرانی گلوکار کا پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین

اپنے دورے کے دوران انہوں نے “کورٹ “ کے تعاون سے تعمیر ہونے والے برن سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔ چیئرمین وزیراعظم عملدرآمد کمیشن نے ہسپتال انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور ایم ایس کوٹلی سمیت ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ چوہدری حسن اشرف نے مزید کہا کہ ادویات کی دستیابی برقرار رکھی جائے اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو علاج معالجے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں معیاری طبی امداد میسر آ سکے۔

مزید پڑھیں: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد متوقع، امریکی اخبار

Scroll to Top