شکریہ پاکستان: ایرانی گلوکار کا پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین

ایرانی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک نیا نغمہ “پاکستان تشکر” تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ یہ نغمہ ایک ایرانی گلوکار کی جانب سے ریلیز کیا گیا ہے جس میں پاکستان کے اہم کردار پر بھرپور اظہارِ تشکر کیا گیا ہے۔

اس نغمے میں خاص طور پر امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور سفارتی روابط کو بہتر بنانے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا گیا ہے۔ گانے کے ذریعے پاکستان کو ایک ذمہ دار اور بااثر سفارتی قوت کے طور پر دکھایا گیا ہے جس نے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی ٹیم کے میچ میکسیکو منتقل کرنیکا مطالبہ، فیفا نے فیصلہ سنا دیا 

نغمے کے بولوں میں پاکستان کی قیادت کا ذکر بھی موجود ہے۔ اس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خطے میں امن اور سفارتی کوششوں پر خاص طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، اس نغمے میں حالیہ “اسلام آباد ٹاسک” یعنی اسلام آباد مذاکراتی عمل کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ اس عمل میں پاکستان کی کامیابی کو “نا ممکن کو ممکن بنانے” سے تعبیر کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سفارتی سفر کا ایک مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ مزید مراحل مستقبل میں متوقع ہیں۔

مزید پڑھیں:امریکا ایران معاہدہ نہ ہونے کا اثر، تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا

یہ نغمہ پاکستان اور ایران کے درمیان پرانے اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اسے دونوں ملکوں کے بھروسے کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ ایرانی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے کے بعد یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور لوگ پاکستان کے اس مثبت کردار کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔

Scroll to Top