‘زمینی کارروائی کی تو ایک بھی دشمن فوجی زندہ نہیں بچے گا’، ایرانی آرمی چیف کی امریکا کو سخت وارننگ

تہران: مشرقِ وسطٰی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگ کے بادل گہرے ہونے کے درمیان ایران نے دشمن ممالک کو اب تک کی سخت ترین وارننگ جاری کر دی ہے۔ ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے دوٹوک الفاظ میں دشمن کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی زمینی کارروائی کی گئی تو ان کا ایک بھی فوجی زندہ واپس نہیں بچے گا۔

میجر جنرل امیر حاتمی نے انکشاف کیا کہ دشمن ایران کے خلاف زمینی حملے کا باقاعدہ منصوبہ بنا رہا ہے، جس کے پیشِ نظر انہوں نے ملک کے تمام آپریشنل ہیڈکوارٹرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے حکم دیا کہ دشمن کی ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے جسے دنیا یاد رکھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی فوج مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی صورت میں اپنی سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ثالث امریکا کی ضمانتوں پر اعتماد کر سکتے ہیں؟ ایرانی سفیر رضا امیری کا تیکھا سوال

دوسری جانب، ایران کے سینیئر عہدیدار علی اکبر ولایتی نے دشمنوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنگ ایران کی ثابت قدمی، محتاط منصوبہ بندی اور عسکری طاقت کے ذریعے ختم ہوگی، نہ کہ جارحین کے خام خیالی پر مبنی خوابوں سے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کی پالیسی کو ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم سمندری گزرگاہ صرف ایران کے دشمنوں کے لیے بند رہے گی، جبکہ دوست ممالک کے لیے یہ بدستور کھلی رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنی خودمختاری کا تحفظ ہر قیمت پر کرے گا۔

کشیدگی کے اس ماحول میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے بھی ایک سنسنی خیز بیان جاری کیا ہے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل سمیت تمام دشمن ایران کی حقیقی فوجی طاقت اور جدید ساز و سامان کے بارے میں مکمل معلومات نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے میزائل ایسی خفیہ جگہوں پر تیار اور ذخیرہ کرتا ہے جن کے بارے میں دشمن کو کوئی علم نہیں، اور اب تک جن مراکز کو نشانہ بنایا گیا وہ عسکری لحاظ سے غیر اہم تھے۔ پاسدارانِ انقلاب کے اس بیان نے خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ اور دشمنوں کے لیے ایک نیا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں: مقاصد کی تکمیل تک جنگ جاری رہے گی، ٹرمپ کا ایران پر شدید حملوں کا اعلان

Scroll to Top