اسسٹنٹ کمشنر کا ایکشن ، دربار بابا شادی شہید میں بڑی چوری پکڑ لی، ملزم گرفتار

سماہنی (کشمیر ڈیجیٹل )درباربابا شادی شہید پارکنگ میں مبینہ کرپشن، اسسٹنٹ کمشنر کابڑا آپریشن، ٹھیکیدار رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

بابا شادی شہید پارکنگ میں مبینہ کرپشن کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سید کلیم عباس نے کارروائی کرتے ہوئے سٹنگ آپریشن کے دوران ٹھیکیدار محمود کو 2نمبر رسیدوں اور جعلی کاپیوں سمیت قابو کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کی باجوڑ،مہمند اور دیر کے سرحدی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ، پاکستان کا منہ توڑ جواب

اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سید کلیم عباس نےموقع پر ہی اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پارکنگ وصولی کا عمل بند کروا دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سید کلیم عباس کے مطابق مذکورہ ٹھیکیدار کے خلاف پہلے بھی زائد وصولی اور بے ضابطگیوں کی متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ انہی شکایات کی بنیاد پر انتظامیہ نے پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعے چھاپہ مار کارروائی کی۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی سے قبل دو اہلکاروں کو ریکی کے لیے بھیجا گیا، جنہوں نے موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں چھاپہ مار ٹیم نے پارکنگ ریکارڈ چیک کیا تو بڑی تعداد میں جعلی رسیدیں، بکس اور دیگر مواد برآمد ہوا، جبکہ ایک اصل رسید بک بھی موقع سے ملی۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمن کی ملاقات، آزادکشمیر میں انتخابی اتحاد پرغور

اسسٹنٹ کمشنرسماہنی نے واضح کیا کہ عوام سے ناجائز وصولی اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top