برطانوی وزیراعظم نے تنخواہوں میں اضافے، توانائی بلوں میں کمی کا اعلان کر دیا

ایران پر مسلط جنگ کے سبب دنیا بھر میں بڑھتی مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے برطانیہ میں شہریوں کی تنخواہوں میں اضافے، توانائی بلوں میں کمی اور مستحق افراد کی مدد کے پروگرام کا آج سے اطلاق کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ انکی کوشش ہے کہ آبنائے ہرمز کھلوائی جائے کیونکہ اسی سے چیزوں کی قیمت کم کی جاسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ کا آج قوم سے اہم خطاب، کیا ایران جنگ ختم ہونے جا رہی ہے؟

برطانوی وزیراعظم نے توانائی، انشورنس اور شپنگ کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات کی جس کے بعد کوبرا میٹنگ منعقد کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔

برطانوی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ نیشنل لیونگ ویج 12.71 پاونڈ کی جارہی ہے، اسطرح 24 لاکھ ملازمین کو 900 پاؤنڈ اضافی ملیں گے جبکہ کم سے کم تنخواہ 10.85کی جارہی ہے اسطرح 2 لاکھ نوجوان ملازمین کو 1500 پاؤنڈ اضافی ملیں گے۔

انرجی بلز میں سالانہ اوسطا 117 پاؤنڈ کمی کی جارہی ہے، جس کا اطلاق جون تک ہوگا، ادویات کی قیمتوں کو منجمد کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ سے 2سے3ہفتوں میں نکل جائیں گے،ڈیل لازمی نہیں ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

وزیراعظم اسٹارمر نے کہا کہ ایران جنگ کی وجہ سے عوام فکر مند ہیں تاہم وہ کوشش کررہے ہیں کہ قیمتوں میں کمی لائی جائے۔

یاد رہے کہ  ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث یورپی ممالک بھی شدید متاثر ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ ، فرانس ، چین سمیت دیگر ممالک کو کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کھلوا کر اپنے جہاز لے آئیں ہم ساتھ نہیں دینگے۔

یہ بھی پڑھیں:دوبارہ حملہ نہ کرنے کی مضبوط ضمانت پر جنگ ختم کرنے کو تیار ہیں،ایرانی صدر

دو روز قبل برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمرنے اعلان کیا تھا کہ برطانوی فوج ایران کیخلاف زمینی آپریشن میں حصہ نہیں لے گی جس پرامریکی صدر برطانیہ سے ناراض ہیں۔

Scroll to Top