سابق وزیر حکومت، آزادکشمیر کے سینئر سیاستدان سردار قمرالزمان خان نے کہا ہے شوکت نواز میر نامی شخص کی ایک تقریر سوشل میڈیا پہ وائرل ہوئی ہے جس میں وہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا نام لے کر ان پہ تنقید کر رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ ہم بحیثیت مجموعی کس قدر اخلاقی انحطاط کا شکار ہو چکے ہیں کہ یہ شخص اس جنرل کے بارے میں گھٹیا اور بیہودہ زبان استعمال کر رہا ہے جو کہ اس وقت عالم اسلام کا اثاثہ اور محافظ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست مخالف بیانیہ : این سی سی آئی اے نے شوکت نواز میر کیخلاف پرچہ دیدیا
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ ساری دنیا کی نظریں جنرل عاصم منیر پر ہیں جس نے پہلے کشمیریوں کے قاتل مودی کا غرور خاک میں ملایا اور اب دنیا بھر پر تیسری جنگ عظیم کے منڈلاتے ہوئے بادلوں کو کم کرنے کے لیے اپنی کاوشوں میں مصروف ہے اس کی ذات کو ہدف تنقید بنانا اور متنازعہ گفتگو کرنا ایک مجرمانہ فعل ہے۔
سردار قمرالزمان کاکہنا تھا کہ ایران امریکہ تنازع اس وقت جنرل عاصم منیر کی بہادری اور حکمت عملی کی بناء پر دنیا بھر کی نظروں میں ہے اور اس عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ایک قبیح فعل ہے۔
سردار قمرالزمان خان کا کہنا تھا کہ میں جنرل عاصم منیر کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرنے کی شدید ترین مذمت کرتا ہوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس شخص کو فوری گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:شوکت نواز میر پر عبدالحمید لون کے الزامات، عوامی ایکشن کمیٹی نے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا
انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کے معاملے پر ہر شخص نے ایکشن کمیٹی کے مطالبات اور تحریک کی حمایت کی ہے مگر اب کی بار فیلڈ مارشل پر تنقید کر کے شوکت نواز میر نے ریڈ لائن کراس کی ہے جس کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔
سردار قمرالزمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مسلح افواج اور باالخصوص جنرل عاصم منیر کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور اپنی جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت بھی ڈٹ کر کریں گے۔




