اسلام آباد: آزاد کشمیر میں انتخابات 2026 کے سلسلے میں کل جماعتی کانفرنس آج ہفتہ کو اسلام آباد میں ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے انتخابی عمل کو شفاف بنانے اور ضابطہ اخلاق ترتیب دینے کے لیے سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی اہم مشاورتی کانفرنس طلب کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کیلئے خطرے کی گھٹنی،طارق سعید کاہر صورت الیکشن لڑنے کا اعلان
یہ اجلاس آج 28 مارچ 2026ء بروز ہفتہ صبح 10:30 بجے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لائحہ عمل کے ساتھ ساتھ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق پر بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ عام انتخابات کا پرامن اور منصفانہ انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
درٰیں اثنا جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے رواں سال کے وسط میں متوقع قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیےانتخابی فہرستوں کی تیاری اور نظرِ ثانی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا ہے۔
اس مقصد کے لیے رجسٹریشن افسران تعینات کر دیے گئے ہیں جو آزاد کشمیر اور پاکستان میں مقیم مہاجرینِ جموں و کشمیر کے ڈیٹا کی تصدیق کریں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق، 2022ء کے بلدیاتی انتخابات کے بعد 18 سال کی عمر کو پہنچنے والے نئے افراد کا ڈیٹا رجسٹریشن افسران کو فراہم کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں عام انتخابات کی تیاریاں، انتخابی فہرستوں کی تیاری کا عمل شروع
یہ افسران گھر گھر جا کر ووٹرز کی تصدیق کریں گے اور اہل افراد کے نام انتخابی فہرستوں میں درج کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج کے لیے یکم اپریل 2026ء کو ‘کوالیفائنگ ڈیٹ’ مقرر کیا ہے۔




