آزادکشمیر میں عام انتخابات کی تیاریاں، انتخابی فہرستوں کی تیاری کا عمل شروع

مظفرآباد: آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ریاست میں قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ انتخابات رواں سال کے وسط میں منعقد کروائے جانے ہیں۔

انتخابی فہرستوں کی تیاری کے سلسلے میں آزادکشمیر اور پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں وکشمیر کے لیے رجسٹریشن افسران تعینات کر دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 2022ء کے بلدیاتی انتخابات کے بعد 18 سال کی عمر کو پہنچنے والے افراد کا ڈیٹا رجسٹریشن افسران کو فراہم کر دیا ہے۔ یہ افسران اب گھر گھر جا کر ان ووٹرز کی تصدیق کریں گے اور ان کے علاوہ دیگر اہل افراد کو بھی بطور ووٹر درج کریں گے۔ ووٹ کے اندراج کے لیے یکم اپریل 2026ء کوالیفائنگ ڈیٹ مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: پی ایس سی امتحان،35494امیدوارمیدان میں آگئے،شیڈول جاری

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور نظر ثانی کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے سربراہان کا مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ یہ اجلاس 28 مارچ 2026ء بروز ہفتہ صبح ساڑھے 10 بجے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

اس اہم اجلاس کا مقصد انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لیے لائحہ عمل طے کرنے کے ساتھ ساتھ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق ترتیب دینا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سیاسی قائدین سے مشاورت کریں گے تاکہ انتخابی عمل کو شفاف اور بہتر بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن حویلی کو بڑا جھٹکا،درجنوں شخصیات فیصل راٹھور کے قافلے میں شامل

Scroll to Top