حکومت پاکستان نے عازمینِ حج کے لیے “حج محافظ سکیم” کا اعلان کر دیا ہے

حکومت پاکستان نے عازمینِ حج کے لیے “حج محافظ سکیم” کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت دورانِ حج کسی بھی حاجی کی وفات کی صورت میں لواحقین کو 20 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کسی بھی حادثے میں کسی عضو کے ضائع ہونے کی صورت میں کم و بیش 10 لاکھ روپے کی رقم ادا کی جائے گی۔

سرکاری سکیم کے لیے امسال 1 لاکھ 19 ہزار 210 کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس بار پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اگر کسی ٹور آپریٹر کے خلاف شکایت موصول ہوئی تو اسے بلیک لسٹ کر کے مستقل پابندی عائد کر دی جائے گی جبکہ بھاری جرمانہ یا کوٹے میں کمی بھی کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت مذہبی امورکا حج پروازوں سے متعلق اہم بیان آ گیا

عازمینِ حج کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے علاج و معالجہ اور مفت ادویات کی فراہمی کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ہر 1 ہزار حجاج کے لیے ایک ڈاکٹر اور دو پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم تعینات ہوگی۔ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی کارکردگی پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی اور کسی بھی کوتاہی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

رواں سال سرکاری اور پرائیویٹ دونوں سکیموں کے عازمین کے لیے حج ٹریننگ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر پاکستان سے سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کے تحت 1 لاکھ 79 ہزار 210 خوش نصیب فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

Scroll to Top