وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کا شیڈول معطل ہونے کی خبروں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ وزارت نے وضاحت کی ہے کہ میڈیا کے ایک حصے میں شائع ہونے والی ایسی رپورٹس بے بنیاد ہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
وزارت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کچھ میڈیا ذرائع مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے تناظر میں حج پروازوں کی منسوخی یا تاخیر کی خبریں دے رہے ہیں جو کہ حقائق کے بالکل برعکس ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزارت معمول کے مطابق حج انتظامات مکمل کر رہی ہے اور عازمین حج کے لیے ویزوں کے اجراء اور دیگر ضروری کام پوری تندہی سے کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حج پروازوں کا شیڈول جاری،پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی
وزارت مذہبی امور اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل وقت پر مکمل ہوں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔ اس وقت عازمین کو ان کی پروازوں، مکہ اور مدینہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنے سفر کی تیاری کر سکیں۔
ترجمان نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف وزارت مذہبی امور کے سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر بھروسہ کریں۔ حکومت پاکستان حج 2026 کے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل کر رہی ہے تاکہ عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔




