مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) مظفرآباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری میں ملوث ایک منظم گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 10 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی انسپکٹر منظر حسین چغتائی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی کی ۔ پولیس نے خفیہ معلومات اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزم جواد چوہدری ولد معروف، ساکن کلر کھیت کو ٹریس کر کے گرفتار کیا ۔ گرفتاری کے بعد ملزم کے قبضے سے مختلف مقامات سے چوری کی گئی موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد پولیس کا کریک ڈائون،پے درپے کارروائیاں،بڑے ملزمان گرفتار
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مظفرآباد شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرتا تھا اور بعد ازاں انہیں خیبر پختونخوا کے اضلاع مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں فروخت کر دیتا تھا ۔ پولیس کے مطابق یہ ایک منظم گینگ ہے جو عرصہ دراز سے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھا ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں ۔ مزید مسروقہ موٹر سائیکلوں کی برآمدگی کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد : لیڈی پولیس اہلکارپیشہ وربھکاری خاتون کا سچ سامنے لے آئیں
ایس ایچ او منظر حسین چغتائی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ جرائم پر مؤثر قابو پایا جا سکے ۔




