ن لیگ کے ٹکٹس فائنل نہیں ہوئے،فیصلہ نوازشریف کرینگے، طارق فاروق

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کے ٹکٹوں سے متعلق دعوے محض قیاس آرائیاں ہیں، کارکن افواہوں پر کان نہ دھریں۔

اپنے سوشل میڈیا پر پیغام میں مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر نے آمدہ عام انتخابات کیلئے کچھ عرصہ قبل امیدواروں سے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں ۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی، شاہ غلام قادر کا بڑا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے مظفرآباد ، راولاکوٹ ، میرپور اور اسلام آباد میں امیدواروں سے مشاورت کی اور ان کے انتخابی حلقہ جات کے بارے میں مطلوبہ معلومات حاصل کیں ۔ سیاسی کمیٹی نے رانا ثنااللہ اور انجینئر امیر مقام کی رہنمائی میں اپنا ابتدائی کام مکمل کیا ہے ۔

آزاد جموں کشمیر کے 33 اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں کی بابت قائد محترم ، صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے لیے ابتدائی رپورٹ مکمل کی گئی ہے ۔

طارق فاروق کا کہنا ہے کہ محمد نواز شریف جلد اعلی سطحی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے کر تمام ٹکٹ ہولڈرز کا فیصلہ کریں گے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ آزاد جموں کشمیر میں بعض عناصر ٹکٹوں کے اجرا کے بارے میں سوشل میڈیا پر خلاف ِ حقائق قیاس آرائیاں کر رہے ہیں ۔ جو کسی صورت مناسب طرز ِ عمل نہیں ہے ۔

پارٹی کارکنان سے گزارش ہے کہ وہ ان افواہوں میں نہ آئیں ۔ اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں ۔ قائد محترم محمد نواز شریف جلد تمام ٹکٹ کے امیدواروں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کریں گے ۔

یہ بھی پڑھیں: کارکنوں نے پارٹی قیادت کے ناقابل قبول فیصلے دل پرپتھر رکھ کر برداشت کئے، طارق فاروق

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم تھا کہ میرپور ڈویژن کے ٹکٹس فائنل ہوچکے ہیں ، اب جب پارلیمانی بورڈ کی تشکیل ہوگی تو اس سے لگ رہا ہے کہ شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں سے ممکنہ طور پر نوازشریف خود انٹرویو کریں گے۔

Scroll to Top