آزادکشمیر سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے 30 مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 30 مارچ کے دوران ملک کے بالائی علاقوں بالخصوص آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد اور گردو نواح میں ہلکی بارش ،موسم نہایت خوشگوار ہو گیا
پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ خطے میں داخل ہوگا جو موسم کو متاثر کریگا۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں کمی بھی متوقع ہے جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق مارچ کے مہینے میں عمومی طور پر ہلکی بارشیں ہوتی ہیںتاہم حالیہ دنوں میں غیر معمولی موسمی تبدیلیوں کے باعث طوفانی بارشوں کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔
متعلقہ اداروں نے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے خدشات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں بارش وبرفباری، این ڈی ایم اے نے نیا الرٹ جاری کر دیا
دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے زیر اثر کراچی اور حیدرآباد میں 25 ،26 اور 28 ،29 مارچ کو بارش ہوسکتی ہے۔ سکھر، دادو، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور کشمور میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور خبیر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔سسٹم کے زیر اثر پنجاب اور اسلام آباد کے مختلف شہروں میں بھی بارش متوقع ہے، گلگت بلتستان میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔




