فیلڈ مارشل پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں، جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے والے اپنی غلاظت اُگل رہے ہیں، مفتی محمد فیضان

معروف عالم دین مفتی محمد فیضان نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر سے علمائے کرام کے وفد کی حالیہ ملاقات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات امت مسلمہ کی یکجہتی اور تعاون کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

مفتی محمد فیضان نے واضح طور پر کہا کہ ہم فیلڈ مارشل پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو مثبت اور تعمیری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے ان عناصر کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اس ملاقات کے بارے میں منفی پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کی وہ دراصل اپنی غلاظت اُگل رہے ہیں اور ان کی مذمت کرنا بے حد ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے گمراہ کن اقدامات امت مسلمہ کے اتحاد اور مفاہمت کے راستے میں کبھی رکاوٹ نہیں بن سکتے اور علماء اور فوجی قیادت کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل اور اہلِ تشیع علماء کی ملاقات کو متنازع بنانا منظم مہم کا حصہ ہے، علامہ آصف رضا علوی

دوسری جانب، معروف عالم دین علامہ آصف رضا علوی نے بھی سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کے برعکس معلومات پھیلانا ایک منظم مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش مواد کو جان بوجھ کر سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا جا رہا ہے جس سے اصل گفتگو کا مفہوم تبدیل ہو رہا ہے، یہ عمل دانستہ طور پر کیا جا رہا ہے تاکہ معاشرے میں غلط فہمیاں پیدا کی جا سکیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسی منظم مہمات کا مقصد صرف اور صرف پروپیگنڈا پھیلانا ہے جس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top