کرم: عید الفطر کے دوسرے روز، 22 مارچ 2026 کو وسطی کرم کے علاقے جابو میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے زیرِ تعمیر پولیس اسٹیشن پر بزدلانہ حملہ کر دیا۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہاں تعمیراتی کام جاری تھا اور مزدور اپنی مزدوری میں مصروف تھے۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے مسلح کارندوں نے موقع پر پہنچ کر تعمیراتی کام فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا، جس پر وہاں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 2 خوارجی جہنم واصل ہو گئے۔
دہشت گردوں نے حملے کے دوران چند معصوم مزدوروں اور پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا تھا۔ تاہم، واقعے کے فوراً بعد مقامی مشران کو اعتماد میں لیا گیا اور کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں اغوا کیے گئے تمام مزدوروں کو بحفاظت رہا کروا لیا گیا۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: لکی مروت:پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک، ہتھیار بھی برآمد
یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کو نہ تو معصوم جانوں کی حرمت کا احساس ہے اور نہ ہی انسانیت کا کوئی پاس۔ نام نہاد نظریات کی آڑ میں ترقیاتی کاموں کو روکنا اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ یہ عناصر درحقیقت مقامی آبادی اور امن کے دشمن ہیں۔ علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ریاست اور عوام کا ان فتنہ پرور عناصر کے خلاف متحد ہونا ناگزیر ہو چکا ہے۔




