رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس دوران آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اگر ایران نے 48 گھنٹے کے اندر اندر آبنائے ہرمز مکمل طور پر اور کسی خطرے کے بغیر نہ کھولی تو امریکا ایران کے مختلف پاور پلانٹس کو مرحلہ وار تباہ کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی میں سب سے پہلے ایران کے سب سے بڑے بجلی گھر کو نشانہ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ایران نے بھی اس دھمکی کا کرارا جواب دیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ نے ایسا کوئی قدم اٹھایا تو مشرق وسطیٰ میں امریکا کے توانائی انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے خلاف جنگ ختم کرنےکا عندیہ
اس کے علاوہ امریکی صدر نے نیویارک ٹائمز کے رپورٹر پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو دنیا کے نقشے سے مٹا چکا ہے اور ایران کی قیادت ختم کر دی گئی ہے، لیکن نیویارک ٹائمز کہتا ہے کہ ٹرمپ ایران میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر نے مشرق وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں کو ختم کرنے پر غور کرنے کا بیان دیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جو ممالک آبنائے ہرمز استعمال کرتے ہیں، وہ اس کی حفاظت خود کریں۔




