پیٹرول اور گیس کا استعمال 50 فیصد کم کردیں، رانا ثناء اللہ کا مشورہ

لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عوام پیٹرول اور گیس کا استعمال فوری طور پر 50 فیصد تک کم کر دیں۔

رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ اگر قوم نے کفایت شعاری نہ اپنائی تو عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوں گے، پاکستان اس وقت کئی اہم اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عباسپور: پھسلن کے باعث سوزوکی حادثے کا شکار، 12 افراد زخمی ،ہسپتال منتقل

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت اس وقت درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر سرخرو ہو رہی ہے۔ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نہ تو جنگ چاہتا ہے اور نہ ہی کسی ملک پر قبضہ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ افغانستان اپنی زمین کو پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے نہ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن غضب للحق پاکستان کیخلاف دہشتگردی کے ٹھکانوں کے خاتمے کیلئے ہے۔ ہم نے ایک مرتبہ صفایا کر دیا تاہم اب مزید ایسے ٹھکانوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:روس ایران کیساتھ ہے: پیوٹن کا بلامشروط ایران کی حمایت کا اعلان

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اہمیت حاصل ہے۔ ہم نے ایران پر جارحیت کی واضح مذمت کی اور مسلم ممالک پر حملوں کے خلاف بھی بھرپور ردعمل ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں کے پابند ہیں مگر کسی پر حملہ کرنا ضروری عمل نہیں ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرول150،ڈیزل250روپے پررُکاہے،مزید نہیں روک سکتے،عطاتارڑ

پی ٹی آئی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات عدالتوں نے قائم کیے اور سزائیں دیں۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ اور دیگر کیسز کے فیصلے بالکل واضح ہیں۔

مشیر وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عوام احتجاج کی کال دینے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ پی ٹی آئی ڈیل کے لیے تیار ہے مگر ہم کسی بھی صورت میں انہیں دوبارہ کوئی رعایت نہیں دیں گے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کروانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ تمام تر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں ، صوبے میں بلدیاتی الیکشن اب بہت جلد منعقد کیے جائیں گے۔

Scroll to Top