لیونل میسی نے اپنے شاندار فٹ بال کیریئر میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 900 گولز مکمل کر لیے ۔
ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے یہ کارنامہ کونکاکاف چیمپئنز کپ کے ایک میچ میں انجام دیا جہاں انہوں نے نیش وِل ایس سی کیخلاف کھیلتے ہوئے ایک اہم گول اسکور کیا ۔
یہ مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا، تاہم لیونل میسی کے لیے یہ میچ انفرادی طور پر نہایت یادگار بن گیا ۔
38 سالہ میسی اس سنگِ میل تک پہنچنے والے دنیا کے دوسرے فٹبالر بن گئے ہیں ۔ اس سے قبل کرسٹیانو رونالڈو یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور وہ گولز کی مجموعی تعداد میں اب بھی سرفہرست ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فٹ بال کے عالمی سپر اسٹار لیونل میسی 21ویں صدی کے بہترین ایتھلیٹ قرار
لیونل میسی نے اپنے کیریئر کا آغاز 2005 میں اسپین کے معروف کلب بارسیلونا سے کیا تھا، جہاں انہوں نے محض 17 برس کی عمر میں اپنا پہلا گول اسکور کیا ۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل ریکارڈز قائم کرتے آئے ہیں ۔
میسی نے 900 گولز کا ہدف اپنے کیریئر کے 1142ویں میچ میں حاصل کیا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ کس قدر مستقل مزاج اور مؤثر کھلاڑی ہیں ۔
انٹر میامی کے کوچ ہاویئر ماسچرانو نے اس کامیابی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میسی جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور ان کے ریکارڈز کا تصور کرنا بھی مشکل ہے ۔
دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو نے ستمبر 2024 میں 900 گولز کا سنگِ میل عبور کیا تھا اور وہ اب 965 گولز کے ساتھ اس فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لیونل میسی کیلئے امبانی کا 36 کروڑ 40 لاکھ روپے کی نایاب گھڑی کا تحفہ
دونوں عظیم کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ شائقینِ فٹبال کے لیے ہمیشہ دلچسپی کا باعث رہا ہے اور ان کی کارکردگی آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال بنی رہے گی ۔




