خوش ترین

فن لینڈ مسلسل 9ویں بار دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار

خوشی کا عالمی دن 20 مارچ کو منایا جاتا ہے، اور اس موقع پر اقوام متحدہ کے تعاون سے دنیا کے خوش ترین ممالک کی نئی فہرست جاری کی گئی ہے ۔

فہرست میں کل 147 ممالک شامل ہیں اور ممالک کی درجہ بندی کیلئے گیلپ ورلڈ پول کے تازہ ترین ڈیٹا کا استعمال کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں 2023 سے 2025 تک کے ڈیٹا کو بنیاد بنایا گیا تاکہ عالمی سطح پر خوشی کے احساس کا مستحکم اور درست اندازہ لگایا جا سکے ۔

ممالک کی درجہ بندی کیلئے مختلف عوامل کو مدنظر رکھا گیا، جن میں فی کس آمدنی، متوقع زندگی، سماجی مدد، فرد کی آزادی، سخاوت اور کرپشن شامل ہیں ۔ اس سال کی رپورٹ میں فن لینڈ مسلسل نویں بار دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار پایا حالانکہ اس بار آئس لینڈ نے ڈنمارک کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر جگہ بنائی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا امارتی ہم منصب کو فون،یو اے ای امریکا سے اربوں ڈالر کا دفاعی نظام خریدے گا

ڈنمارک تیسرے نمبر پر رہا، جبکہ کوسٹا ریکا نے چوتھی پوزیشن حاصل کی ۔ سویڈن پانچویں، ناروے چھٹے، اور نیدرلینڈز ساتویں نمبر پر رہے ۔ اسرائیل، لکسمبرگ اور سوئٹزرلینڈ بالترتیب آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر شامل ہیں ۔

مسلمان ممالک میں سب سے زیادہ خوشی کا اعزاز کوسوو کے حصے میں آیا جو مجموعی طور پر 16 ویں نمبر پر رہا ۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے بالترتیب 21 اور 22 ویں پوزیشن حاصل کی۔ حیران کن طور پر امریکہ کو 23 واں نمبر ملا ۔

پاکستان نے اپنی پوزیشن میں پانچ درجے بہتری دکھائی اور اس سال 104 ویں نمبر پر پہنچ گیاجبکہ گزشتہ سال پاکستان 109 ویں نمبر پر تھا ۔ بھارت اس حوالے سے پاکستان سے پیچھے ہے اور اس کا نمبر 116 ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دنیا کی بہترین کرکٹ لیگز کی نئی رینکنگ جاری، پی ایس ایل کتنے نمبر پر ہے؟

دوسری جانب دنیا کے ناخوش ترین ممالک میں افغانستان سب سے نیچے رہا، جس کے بعد سیرالیون، ملاوی، زمبابوے اور بوٹسوانا ٹاپ پانچ میں شامل ہیں ۔ یمن، لبنان، ڈی آر کانگو، مصر اور تنزانیہ بھی سب سے ناخوش ممالک کی فہرست میں شامل ہیں ۔

Scroll to Top