بھمبر: چیئرمین بلدیہ کا شہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے بڑا قدم، جامع ‘پلان آف ایکشن’ تیار

بھمبر: بلدیہ بھمبر کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید اور موثر بنانے کے لیے ایک اہم عملی قدم اٹھایا گیا ہے۔ چیئرمین بلدیہ چوہدری الطاف ابراہیم کی ذاتی کاوشوں سے شہر بھر کے لیے ایک جامع ‘پلان آف ایکشن’ تیار کر لیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔

منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت شہر کے مختلف گنجان آباد مقامات پر 10 بڑے کوڑا دان نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے مناسب سہولت میسر آ سکے۔ بلدیہ حکام کا کہنا ہے کہ ان کوڑا دانوں کی تنصیب سے گلی محلوں اور نالیوں میں کچرا پھینکنے کے رجحان میں نمایاں کمی آئے گی اور مجموعی طور پر شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: علی لاریجانی کیسے ٹریک ہوئے اور شہید کر دیے گئے؟ مخبری سے میزائل حملے تک کےحقائق سامنے آگئے

چیئرمین بلدیہ چوہدری الطاف ابراہیم نے اس موقع پر شہریوں اور تاجر برادری سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “صفائی نصف ایمان ہے”، لہٰذا ہر فرد اپنی ذمہ داری کا احساس کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہری کوڑا کرکٹ کو کوڑا دان میں ڈالنے سے پہلے شاپر میں بند کریں تاکہ صفائی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر کے موقع پر تمام شہری اور تاجر کمیونٹی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ شہر کو مثالی بنایا جا سکے۔

چوہدری الطاف ابراہیم نے واضح کیا کہ بلدیہ کی صفائی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں گی اور کوڑا دانوں سے کچرا بروقت اٹھانے کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ تعفن یا آلودگی پیدا نہ ہو۔ اس کے ساتھ ہی شہر میں صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ دوسری جانب بھمبر کے شہری و سماجی حلقوں نے بلدیہ کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے شہر میں صفائی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں: کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب سمیت ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

Scroll to Top