کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب سمیت ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

عیدالفطر سے قبل آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر حصوں میں موسم نے کروٹ لے لی ہے اور مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے خاص طور پر خبردار کیا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں تشدد کی اجازت نہیں،مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

رپورٹ کے مطابق وادی نیلم، استور، اسکردو، ہنزہ، کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور گوادر میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ چترال، سوات، دیر اور پشاور میں بھی بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ 19 سے 21 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

اتھارٹی نے لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرات سے بھی الرٹ کیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو کسی بڑی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر : مختلف علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری،این ڈی ایم اے کاالرٹ جاری

Scroll to Top