رمضان ریلیف پیکیج کی ترسیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ڈی جی بی آئی ایس پی

مظفرآباد:بی آئی ایس پی کے زیراہتمام رمضان المبارک کے مقدس مہینے بارش اور سخت موسم کے باوجود مستحق خاندانوں کیلئے وزیراعظم پاکستان رمضان ریلیف پیکیج کے تحت رقوم کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت آزاد کشمیر بھر میں مالی معاونت کی شفاف اور بروقت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد کا مستحق خواتین کے نام اہم پیغام جاری

ضلع مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے دس اضلاع میں ہزاروں مستحق خواتین باعزت طریقے سے اپنی بینظیر کفالت پروگرام کی رقوم وصول کر رہی ہیں، جہاں منظم انتظامات اور موثر مانیٹرنگ کے باعث ادائیگی کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔

حکام کے مطابق وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت آزاد کشمیر میں 90فیصد سے زائد مستحقین کو رقوم کی ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے،جبکہ باقی ماندہ مستحقین تک بھی جلد رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی آزاد کشمیر ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے کیمپ سائٹ کی مانیٹرنگ کے دوران اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مستحق خواتین اور دوسرے مستحقین کو بروقت مالی سہولت فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصدکیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

میڈیا اینڈ کمیونیکیشن آفیسر واجد رفیق چوہدری کے مطابق فیلڈ سطح پر مؤثر آگاہی مہم، میڈیا کوآرڈینیشن اور مسلسل نگرانی کے ذریعے ادائیگی کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنایا گیا ہے تاکہ رقوم بلا رکاوٹ بسپ بینفشریز تک پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا مقصد صرف رقم تقسیم کرنا نہیں بلکہ ہر ادائیگی کو امید اور عزت کے پیغام میں بدلنا اور خواتین کے وقار کا تحفظ اور ان کے اعتماد کی بحالی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی مفت موبائل سم لینے کا طریقہ سامنے آگیا

یہاں دیاجانے والا ہر روپیہ ایک گھر میں روشنی، ایک بچے کے مستقبل اور ایک خاندان کے عزم کی علامت ہے۔

دوسری جانب مستحق خواتین نے حکومت پاکستان اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں ملنے والی یہ مالی معاونت ان کے گھریلو اخراجات میں نمایاں سہولت کا باعث بن رہی ہے۔

یہ اقدام نہ صرف معاشی دباؤ میں کمی کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ ریاستی سطح پر فلاحی اقدامات کی عملی تصویر بھی پیش کر رہا ہے، جہاں ضرورت مند افراد تک بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

Scroll to Top