منگلا کے کنارے 3روزہ جشن میرپور فیسٹیول کی تیاریاں،تفریحی پروگراموں کی تفصیل جاری

 میرپور میں عوامی اشتراک سے ہر سال اپریل کے ماہ میں جشن میرپور کے نام سے تین روزہ فیسٹول کے انعقاد کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان اور ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر خالد محمود چوہان کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ افراتفری، ذہنی دباؤ اور دیگر حالات کے پیش نظر عوام الناس کو ذہنی تناؤ سے نکالنے کے لیے منگلا جھیل کنارے تین روزہ جشن میرپور نہایت ہی جوش و خروش اور شاندار طریقے سے منایا جائے گا تاکہ لوگوں کو صحت مند تفریح کی سہولیات فراہم کی جاسکیں اس فیسٹیول میں حکومتی وسائل استعمال نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور میں عید کی خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کیلئے اہم خبر

جشن میرپور میں حمد و ونعت، صوفی نائٹ میں کلام حضرت میاں محمد بخش و قوالی،لوکل موسیقی، نیزہ بازی، گھڑسواری، مختلف سپورٹس سرگرمیاں،علاقائی دستکاریاں،کشمیری کھانوں، مینا بازار، ہنڈی کرافٹ، فوڈ سٹریٹ اور دیگر کئی قسم کے بچوں اور خواتین کی تفریح کے لیے پروگرام ترتیب دئیے جائیں گے۔

اس جشن میرپور سے جہاں مقامی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا وہاں مقامی کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

اس طرح میرپور میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا جشن میرپور میں اوورسیز کی شرکت کے لیے مینجمنٹ کمیٹی حتمی تاریخ کا فیصلہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور میں پولیس کا گرینڈ آپریشن: 100 سے زائد غیر رجسٹرڈ افغان شہری گرفتار

اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا، ایڈیشنل کمشنر راجہ قیصر اورنگزیب خان، ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان، ایس ایس پی خرم اقبال، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر عمر شہزاد جرال، قائمقام صدر بار شوکت علی مغل ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل بار زاہد حسین ایڈووکیٹ، سیکرٹری فنانس محمد یوسف ایڈووکیٹ، چیف آفیسر بلدیہ راجہ شیراز احمد خان،ڈی ایس پی شہزاد سرور، ایڈیشنل رجسٹرار مسٹ تیمور اکبر، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک نے شرکت کی۔

Scroll to Top