کراچی میں تیز آندھی کیساتھ بارش، مختلف حادثات میں 13جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے باعث مختلف حادثات میں13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: فارورڈ کہوٹہ میں شدید برفباری،گاڑیاں پھنس گئیں، ریسکیو ٹیمیں روانہ

کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

آندھی کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہا جب کہ بارش شروع ہوتے ہیں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

بارش کے بعد معین آباد عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹاون 14 اے، گلشن اقبال کے مختلف علاقوں اور ڈیفنس فیز ٹو، ون، اختر کالونی، کشمیر کالونی اور نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے باعث درخت بھی گرگئے۔ کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب تیز ہوا سے درخت گر گیا، 2افراد درخت کے نیچے پھنس گئے جنہیں نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ گرگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق دیوار گرنے سے 3افراد زخمی ہوئے،لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر گری، یہ رہائشی عمارت نہیں، پولیس نفری موقعے پر پہنچ گئی ہے، سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، مزید افراد کے دبے ہونےکا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر : مختلف علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری،این ڈی ایم اے کاالرٹ جاری

دوسری جانب شاہ لطیف مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ قائد آباد مجید کالونی میں بھی گھر کی دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات میں مزید بارش کا امکان نہیں تاہم کل دوپہر کے بعد بارش کا امکان رہےگا، تیزہوا اورگرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

عید کے پہلے دن ہلکی بارش کا امکان رہے گا،24 سے27 مارچ کےدوران بھی مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

Scroll to Top