آزادکشمیر : مختلف علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری،این ڈی ایم اے کاالرٹ جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن غضب للحق عارضی طور پر روک دیا گیا:وفاقی وزیرعطاتارڑ

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ استور، سکردو، ہنزہ اور وادی نیلم میں بھی اسی نوعیت کے موسم کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یواے ای ، سنگاپور،ترکیہ میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا،عید جمعۃ المبارک کوہوگی

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور گوادر میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں، جن میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں، میں بھی بارش کی توقع ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کابل میں سویلینز کی ہلاکتیں پروپیگنڈا،طالبان جنگجو وردی نہیں عام لباس پہنتے ہیں:ترجمان پاک فوج

خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، سوات، دیر، پشاور اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ 18 سے 21 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

موجودہ موسمی صورتحال کے باعث برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، لہٰذا شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خصوصاً حساس و پہاڑی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کا بھی الرٹ جاری کیا ہے۔

Scroll to Top