مظفرآباد:شاہراہ نیلم پر پنجگراں کے مقام پر ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا جس سے ڈرائیور موقع پرہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجگراں واٹر فال کے مقام پر ٹرک حادثہ کا شکار ہوگیا جس سے ڈرائیور خورشید ساکنہ لوات جاں بحق ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے سکیورٹی چیف علی لاریجانی شہید ہو گئے،ایرانی میڈیا نے تصدیق کردی
ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور نیچے دب گیا تھا جسے کئی گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن کے بعد باہر نکالا گیا ۔
ڈرائیور گاڑی کے کیبن میں بری طرح پھنس گیا تھا، جسے نکالنے کے لیے ہائیڈرالک کٹر، ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل اور ہیوی ریکوری مشینری استعمال کی گئی۔
پاک فوج کے جوانوں،ریسکیو 1122 مظفرآباد اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر طویل اور پیچیدہ آپریشن کیا۔
ٹرک کو نکالنے کے لیے پاک فوج کی کرین استعمال کی گئی جبکہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کی ہیوی کرین کو دومیل کے مقام پر بطور بیک اپ رکھا گیا۔
کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد ڈرائیور خورشید ساکنہ لوات کو گاڑی سے نکال لیا گیاتاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کا پاکستان مخالف گمراہ کن اور من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب
زخمی شخص الطاف حسین ساکنہ نگدر (نیلم) کو گاڑی سے بحفاظت نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی دونوں افرادکی حالت خطرے سے باہر ہے۔




