ریاض(کشمیر ڈیجیٹل)سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں سے عید کا چاند 18 مارچ کو دیکھنے کی اپیل کر دی۔
سعودی سپریم کورٹ نے مملکت بھر کے مسلمانوں سے بدھ کی شام شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاند دیکھنے والا شخص اپنی گواہی قریبی عدالت یا مرکز میں درج کرائے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ چاند براہ راست یا دوربین سے دیکھنے والے اپنی شہادت ریکارڈ کرائیں، چاند دیکھنے کی صلاحیت رکھنے والے کمیٹیوں کے ساتھ شامل ہوں، چانددیکھنےکےنیک عمل میں شامل ہو کر اجر و ثواب حاصل کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چین کا ایران، لبنان، عراق ، اردن کیلئے ہنگامی امداد کا اعلان
سعودی عرب
سعودی وزارت افرادی قوت نے نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری ترجمان محمد الرزقی نے اعلان کیا ہے کہ نجی اور غیر منافع بخش اداروں میں عیدالفطر کے موقع پر چار روزہ تعطیلات ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر کی تعطیلات بدھ 18 مارچ ( 29 رمضان) کو کام کے اختتام سے شروع ہوں گی اور چار دن تک جاری رہیں گی۔
بین الاقوامی مرکز فلکیات
مرکز فلکیات کے مطابق جن ممالک نے بدھ 18 فروری کو پہلا روزہ رکھا تھا، ان ممالک میں بدھ 18 مارچ کو رویت ہوگی جب کہ جمعرات 19 فروری کو جن ممالک میں پہلا روزہ تھا، وہاں جمعرات 19 مارچ کو چاند کی تلاش کی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یونیورسٹی آف حویلی اور مسلم ہینڈز کے مابین معاہدہ،100 سکالر شپس کا اعلان
مرکز نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر تفصیل سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ممالک بدھ 18 مارچ کو چاند دیکھیں گے، وہاں رویت نا ممکن ہے کیونکہ اس دن چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا اور اجتماعِ شمس (conjunction) سورج ڈھلنے کے بعد ہوگا۔ لہٰذا ان ممالک میں رمضان کے 30 روزے مکمل ہونے اور جمعہ 20 مارچ کو عید الفطر ہونے کا قوی امکان ہے۔
ان ممالک کے حوالے سے جو جمعرات 19 مارچ کو چاند تلاش کریں گے، مرکز کا کہنا ہے کہ دنیا کے مشرقی حصوں سے چاند دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ تاہم مغربی ایشیا، وسطی اور شمالی افریقہ میں ٹیلی سکوپ کی مدد سے اسے دیکھنا کسی حد تک ممکن ہو سکتا ہے۔
اسی طرح مغربی یورپ اور مغربی افریقہ میں انسانی آنکھ سے چاند دیکھنا انتہائی مشکل ہوگا، جبکہ شمالی امریکہ کے بیشتر حصوں میں انسانی آنکھ سے رویت نسبتاً آسان ہوگی۔ اس صورتحال کے پیش نظر توقع ہے کہ ان میں سے اکثر ممالک جمعہ 20 مارچ کو ہی عید کا اعلان کریں گے۔
تاہم فلکیاتی مرکز کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمعرات 19 مارچ کو عالمِ اسلام کے وسیع علاقوں بالخصوص مشرقی اور وسطی حصوں میں رویت انتہائی مشکل ہے، اس لیے بہت سے ممالک جمعرات کو چاند نظر نہ آنے کا اعلان کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہاں عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو ہوگی۔




