پاکستان کا دفاع شاندار : 27 فروری کو پاک فضائیہ کی منہ توڑ جوابی کارروائی دشمن کیلئے واضح پیغام تھا، حق دو تحریک

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)آج 27 فروری کا دن ہے، جو پاکستان کی تاریخ میں ایک یادگار دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ وہ دن ہے جب پاکستان کی مسلح افواج، خصوصاً پاک فضائیہ، نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہماری سر زمین کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک کے مرکزی رہنما سردار قمر رشید نے دیگر ساتھیوں سردار اعجاز حسین ۔سردار شوکت ایڈووکیٹ ۔سردار سرور آور سردار اکرام منصف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کے، 27 فروری 2019 کو بھارت نے 26 فروری کو بالاکوٹ حملے کا دعویٰ کیا

لیکن اگلے ہی دن، پاکستان کی فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے دو لڑاکا طیارے مار گرائے، اور ایک بھارتی پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھیندن کو گرفتار کر لیا۔یہ نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا بلکہ دنیا کے سامنے یہ پیغام بھی تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ہماری فضائیہ کی اس کامیابی نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور پوری دنیا کو پاکستان کی عسکری قوت کا اعتراف کرنے پر مجبور کر دیا۔یہ واقعہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ایک مضبوط دفاعی نظام کسی بھی قوم کے لیے نہایت ضروری ہے۔

آج دنیا میں صرف وہی ممالک اپنی خودمختاری برقرار رکھ سکتے ہیں جو عسکری طور پر مضبوط ہوں۔ ہماری مسلح افواج ہمیشہ تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ہمیں اپنے دفاعی نظام کو مزید جدید بنانے اور مسلح افواج کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی چیلنج کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔27 فروری کا دن صرف ایک فوجی کامیابی ہی نہیں بلکہ یہ عوام اور فوج کے درمیان مضبوط رشتے کی بھی علامت ہے۔

جب ہماری فضائیہ نے دشمن کو پسپا کیا تو پوری پاکستانی قوم یکجا ہو کر اپنی افواج کے ساتھ کھڑی تھی۔ یہی یکجہتی کسی بھی ملک کی اصل طاقت ہوتی ہے۔ریاست اس وقت مضبوط ہوتی ہے جب عوام اور افواج کے درمیان خلوص، محبت اور اعتماد کا رشتہ ہو۔ ہمیں اس تعلق کو مزید مضبوط کرنا ہوگا تاکہ دشمن کسی بھی سطح پر ہمیں تقسیم کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

ہمیں ففتھ جنریشن وارفیئر سے بھی خبردار رہنا ہوگا، جہاں دشمن روایتی جنگ کی بجائے ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ہم آج کے دن اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کا ہر شہری اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے قومی یکجہتی ناگزیر ہے، اور 27 فروری ہمیں یہی سبق دیتا ہے کہ ہم سب کو ایک ساتھ کھڑا ہونا ہے۔
بابر اعظم اور محمد رضوان بہترین کارکردگی نہیں دکھا سکے، رکی پونٹنگ

Scroll to Top