مظفرآباد:آزاد کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے عید کے دنوں میں شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے شہر کے مختلف فوڈ پوائنٹس اور بیکریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کھلے بسکٹ بدوں پیکنگ و کوالٹی رپورٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی اور بڑی مقدار میں بسکٹ ضبط کر لئے ہیں۔
ٹیم فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے عید کے ایام میں مختلف بازاروں اور بیکریوں کی چیکنگ کی۔ معائنہ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بعض دکانوں اور بیکریوں میں کھلے بسکٹ فوڈ اتھارٹی کے قواعد و ضوابط اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فروخت کئے جا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن،پکوڑے، سموسے بنانے کیلئے استعمال ہونیوالا غیرمعیاری آئل تلف
یہ بسکٹ بغیر کور کے کھلے عام رکھے گئے تھے جبکہ ان کی فروخت کے لیے فوڈ اتھارٹی کا لازمی اجازت نامہ بھی موجود نہیں تھا۔
فوڈ اتھارٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خلاف ضابطہ فروخت ہونے والے کھلے بسکٹ ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیئے جبکہ متعلقہ دکانداروں کو سخت تنبیہ جاری کی گئی۔
حکام نے واضح کیا کہ عید کے دنوں میں خوراک کی زیادہ کھپت کے باعث خصوصی چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو غیر معیاری اور غیر محفوظ اشیائے خوردونوش سے بچایا جا سکے۔
فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا تھا کہ عید کے ایام میں بعض عناصر زیادہ منافع کے لیے بغیر اجازت نامہ اور غیر محفوظ طریقے سے کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم فوڈ اتھارٹی ایسی کسی بھی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یو بی فوڈز کے اسنیکس ،شان فوڈز کے مصالحہ جات غیرمعیاری ثابت، پابندی عائد
انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ تمام بیکری آئٹمز کو مکمل کور کے ساتھ اور فوڈ اتھارٹی کے قواعد کے مطابق فروخت کیا جائے ۔
شہریوں سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی غیر معیاری یا مشکوک خوراک کی صورت میں فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔




