مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے سلسلے میں انتخابی ووٹر فہرستوں کی تیاری اور نظرثانی کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ۔
جس کے تحت ووٹر لسٹوں کی ابتدائی اشاعت، اعتراضات کی سماعت اور حتمی فہرستوں کی تیاری کے مراحل طے کر دیئے گئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکرز گزرنےکیلئے ایران سے بات چیت جاری ہے، سیکریٹری پیٹرولیم
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 7 اپریل 2026 کو ابتدائی ووٹر فہرستیں عوامی آگاہی کیلئے متعلقہ رجسٹریشن دفاتر اور مقررہ مقامات پر آویزاں کر دی جائیں گی تاکہ شہری اپنے کوائف کی جانچ پڑتال کر سکیں۔
شہری 11 اپریل 2026 تک ووٹر فہرستوں میں کسی بھی قسم کی غلطی، اندراج یا اخراج کے حوالے سے اعتراضات جمع کروا سکیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: 17 تا20 مارچ تک ژالہ باری اوربارشیں ،الرٹ جاری
الیکشن کمیشن کے مطابق 11 سے 13 اپریل تک موصول ہونے والے اعتراضات اور درخواستوں کی سماعت کی جائے گی، جبکہ 14 اپریل کو مجاز اتھارٹی کی جانب سے ان اعتراضات پر باقاعدہ فیصلے جاری کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی شہری ان فیصلوں سے مطمئن نہ ہو تو وہ 17 اپریل 2026 تک نظرثانی کی درخواست دائر کر سکے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ممتاز آباد: پرائس کنٹرول کمیٹی کا شہر بھر کا دورہ، متعدد تاجروں کو جرمانے،وارننگ
نظرثانی کے عمل کی تکمیل کے بعد 20 اپریل 2026 کو حتمی ووٹر فہرستیں تیار کر کے متعلقہ رجسٹریشن دفاتر میں عوام کے معائنے کیلئے آویزاں کر دی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر ووٹر فہرستوں کا بغور جائزہ لیں اور اگر کسی قسم کی غلطی یا کوائف میں کمی بیشی ہو تو بروقت اعتراض یا درخواست جمع کروائیں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں شفاف اور درست انتخابی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔




