مہاجرین 1989 کایوم پاکستان پر تاریخی ریلی نکالنے کا اعلان،شہریوں سے بڑی اپیل کردی

مظفرآباد: مہاجرین جموں کشمیر 1989 ورکنگ کمیٹی نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی کا اعلان کیا ہے جو برہان وانی شہید چوک سے نکالی جائے گی۔

مہاجرین جموں کشمیر 1989 کے امیر عزیر احمد غزالی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ریلی ریفیوجی ورکنگ کمیٹی RWC کے بینر تلے منعقد کی جائے گی جس کا نعرہ ہوگا “پاکستان سے کیا لاالہ الا”۔

یہ بھی پڑھیں: 1989 مہاجرین بحالی کوٹا کیس : عدالت نے حکمِ امتناعی جاری کر دیا

عزیر احمد غزالی نے کہا کہ کشمیری عوام اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ان کی جدوجہد آزادی کو ہمیشہ پاکستانی عوام کی اٹوٹ محبت اور یکجہتی کی حمایت حاصل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت کی ہے جس پر کشمیری عوام ان کے مشکور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین جموں کشمیر 1989 کی ورکنگ کمیٹی اور کشمیری عوام اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ موجودہ عالمی اور جنوبی ایشیائی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور کشمیری عوام پاکستان کے دفاع اور بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں ایک مضبوط دیوار کی طرح متحد ہو کر کھڑے ہوں گے۔

ان کے مطابق ورکنگ کمیٹی کے 24 فروری 2026 کے فیصلے کے مطابق 23 مارچ بروز پیر صبح 10 بجے برہان وانی شہید چوک پر ریلی نکالی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مہاجرین نشستوں کے حوالے سے اہم اجلاس، عید کے بعد مشاورت پراتفاق

انہوں نے کہا کہ ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے جلد ہی ایک خصوصی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

عزیر احمد غزالی نے ورکنگ کمیٹی کے تمام اراکین، منتخب کونسلرز، کیمپ صدور اور نوجوان قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ 23 مارچ کے جلسے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر عوامی تحریک شروع کریں۔

Scroll to Top