تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلے میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ۔
میرپور کے شیر بنگلہ اسڈیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا ۔
بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی سنچری اسکور کی ۔ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور نجم الحسن شانتو نے 27 رنز بنائے، جبکہ توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی ۔
پاکستان کی طرف سے بولنگ میں حارث رؤف نمایاں رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی تاہم سلمان علی آغا کی شاندار سنچری نے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا ۔ اس کے باوجود قومی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکی اور آخری گیند پر 279 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سرفراز احمد کے احسانات کی قیمت، پاکستان کرکٹ کبھی نہیں بھولے گا : محسن نقوی
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 106 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے ۔ ان کے علاوہ سعد مسعود نے 38، شاہین آفریدی نے 37 اور عبدالصمد نے 34 رنز اسکور کیے ۔
بنگلادیش کی بولنگ میں تسکین احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مستفیض الرحمان نے 3 اور ناہید رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
واضح رہے کہ اس کامیابی کے ساتھ بنگلادیش نے 11 سال بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ۔
تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دی ہنڈرڈ لیگ میں ابرار احمد کے معاہدے پر بھارتی میڈیا نےنیا شوشہ چھوڑدیا
یاد رہے کہ تین میچوں کی اس سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دی تھی ۔




