مظفرآباد

آئندہ انتخابات میں ضلع مظفرآباد سے مخالفین کا صفایا کریں گے : راجہ فراز عارف کا واضح پیغام

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع مظفرآباد کے صدر اور متحرک سیاسی رہنما راجہ فراز عارف نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے ایک جامع اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو متحرک ہونے کا پیغام دیااور کہا ہے کہ اب ڈرائنگ روم سیاست کا وقت ختم ہو چکا ہے اور کارکنوں کو عملی میدان میں نکلنا ہوگا۔

راجہ فراز عارف نے ضلع بھر کے تمام یونین کونسل صدور، وارڈ عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر انتخابی تیاریوں کا آغاز کریں اور عوام کے ساتھ رابطے کو مزید مضبوط بنائیں۔

انہوں نے پرجوش انداز میں کہا کہ ضلع مظفرآباد ہمیشہ سے مسلم لیگ (ن) کا مضبوط گڑھ رہا ہے اور انشاء اللہ اس مرتبہ بھی پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا مقصد صرف انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ ضلع کی تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے مخالفین کو واضح سیاسی پیغام دینا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد کی تمام نشستیں جیت کر مرکزی قیادت، بالخصوص قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز شریف کو کامیابی کا تحفہ پیش کیا جائے گا ۔

اس موقع پر راجہ فراز عارف نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو آئندہ انتخابی مہم کیلئے پانچ نکاتی مشن بھی دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم سازی کو مضبوط بنایا جائے اور تمام وارڈز اور بوتھ کی سطح تک پارٹی ڈھانچے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ انتخابی مہم مؤثر انداز میں چلائی جا سکے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کارکن ووٹر لسٹوں کی جانچ پڑتال کریں، ہر ووٹر تک رسائی حاصل کریں اور ہر پولنگ اسٹیشن کے لیے مؤثر پولنگ مینجمنٹ کی منصوبہ بندی کریں ۔

راجہ فراز عارف نے کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ ’’ہر گھر دستک مہم‘‘ شروع کریں اور عوام کو مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی سے آگاہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں سڑکوں، پلوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی صورت میں جو ترقی نظر آتی ہے، وہ مسلم لیگ (ن) کے دور کی مرہون منت ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ویژن ،نظریے کا نام ہے: جمیلہ خاتون

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی میں نوجوانوں اور خواتین کی شمولیت کو بڑھایا جائے اور سوشل میڈیا ٹیموں کو فعال بنایا جائے تاکہ مخالفین کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔

اس کے ساتھ انہوں نے کارکنوں کو اتحاد و یگانگت کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ تمام کارکن ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر پارٹی کے انتخابی نشان’’ شیر‘‘ کیلئے متحد ہو جائیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جس امیدوار کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا وہی پارٹی کی نمائندگی کرے گا اور تمام کارکن اس کی مکمل حمایت کریں گے ۔

راجہ فراز عارف نے اپنے بیان میں سیاسی مخالفین، خصوصاً پاکستان پیپلز پارٹی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب محض دعوؤں اور اشتہارات کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر عوام خود فیصلہ کریں گے کہ کون سی جماعت ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے سنجیدہ ہے۔

بیان کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا واضح وژن مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مخلص کارکن اس کا اصل سرمایہ ہیں اور ان کی محنت مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی راہ ہموار کرے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کی سیاست میں بڑی ہلچل: سردار تبارک علی کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ

انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد کو انتخابی معرکے کیلئے تیار ہو جانا چاہیے کیونکہ آنیوالے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور قوت کیساتھ میدان میں نظر آئے گی ۔

Scroll to Top