مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے چہلہ مارکیٹ میں قائم فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا، بیکرز، کریانہ و جنرل سٹورز کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
جہاں اشیائے خوردونوش کے معیار، لیبلنگ اور ایکسپائری ڈیٹ کو چیک کیا گیا تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتِ عظمیٰ کے احکامات پر فوڈ اتھارٹی متحرک، نیلم کے بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی سخت چیکنگ
معائنے کے دوران دودھ، آئل اور مصالحہ جات کے نمونہ جات حاصل کر کے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر ہی لیبارٹری تجزیہ کیا گیا۔
اسی طرح افطار کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیائے خوردونوش جن میں سموسے، پکوڑے اور جلیبی شامل ہیں کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے آئل اور دیگر خام مال کی تفصیلی پڑتال کی گئی۔
دوران چیکنگ ایک فوڈ پوائنٹ پر پکوڑوں اور سموسوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے فرائنگ آئل کو موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے ٹیسٹ کیا گیا جو ٹیسٹ رپورٹ کی روشنی میں غیر معیاری قرار پایا
جس پر فوڈ اتھارٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری آئل کو موقع پر ہی تلف کر دیا اور دکاندار کو آئندہ معیاری آئل کے استعمال کی سخت ہدایات جاری کیں۔
فوڈ اتھارٹی حکام نے دکانداروں کو صفائی ستھرائی برقرار رکھنے اور صرف معیاری اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے ایسے معائنے اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یو بی فوڈز کے اسنیکس ،شان فوڈز کے مصالحہ جات غیرمعیاری ثابت، پابندی عائد
خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر معیاری یا مضر صحت اشیاء کی شکایت فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر درج کروائیں بروقت اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔




