مظفرآباد:وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیرِ صدارت زراعت کے فروغ کے لیےاہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر،پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری خوراک آزادکشمیر وجاہت رشید بیگ، ڈائریکٹر جنرل زراعت ڈاکٹر اعجاز اور زراعت سے منسلک زمیندار تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں زمیندار تنظیموں کے نمائندگان نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کو زراعت کی مجموعی بہتری اور پائیدار پیداوار کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کی زیرصدارت اہم اجلاس، مظفرآبادکی خوبصورتی ،انفراسٹریکچر پربریفنگ
وفد کی جانب سے فارم فینسنگ، پرائیویٹ نرسریوں کے قیام، خوراک کے معیار، باغبانی، پھلوں کی پیداوار، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پیداوار اور معیار میں بہتری، لاگت میں کمی، وسائل کی فراہمی، مارکیٹنگ اور فارم فنانسنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے زمیندار نمائندگان کے مسائل غور سے سنے۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 10 سے 15 اپریل کے دوران آزاد کشمیر میں ایک بڑی زرعی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس کے ذریعے زرعی شعبے کو حکومتی سرپرستی میں لا کر اس کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ زراعت نہ صرف بنیادی ضرورت ہے بلکہ دنیا بھر میں منافع اور روزگار کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔
انہوں نے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ بہتر پیداوار کے لیے زمین کی باقاعدہ سوائل ٹیسٹنگ کروائیں تاکہ معیاری اور فائدہ مند زرعی پیداوار حاصل کی جا سکے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آئندہ ہونے والی زرعی کانفرنس مستقبل کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ہیلتھ ملازمین کا احتجاج 24 ویں دن میں داخل، وزیراعظم فیصل راٹھور سے نوٹس لینے کا مطالبہ
نرسریوں کے قیام کو فروغ دیا جائے گا اور زمینداروں کو درپیش فینسنگ سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت زمینداروں کو اپنی ٹیم کا حصہ سمجھتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر زراعت کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہمیں آسان راستے کے بجائے مشکل مگر بہتر راستے کا انتخاب کرنا ہوگا تاکہ زرعی شعبے میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔ حکومت کا مقصد لوگوں کو بنیادی معاشی سرگرمیوں، خصوصاً زراعت کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ ریاست کو خود کفیل بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ زراعت کو بھی حکومتی ترجیحات میں شامل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ زرعی کانفرنس عید کے بعد منعقد ہوگی اور اس میں اجتماعی دانش اور مشاورت کے ذریعے مسائل کا مؤثر حل تلاش کیا جائے گا تاکہ زمینداروں کو ایک واضح اور عملی راستہ فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی نے کہا کہ زرعی کانفرنس ایک بہترین اقدام ہے جس سے ریاست میں زرعی شعبہ درست سمت میں آگے بڑھے گا۔




