روزہ توڑنے پر نوجوانوں کی گرفتاری، باغ پولیس کو کارروائی الٹی پڑ گئی

اسلام آباد/باغ:آزادکشمیر کے ضلع باغ میں پولیس کو روزہ توڑنے پر6 نوجوانوں کی گرفتاری الٹی پڑ گئی۔

دل کا مریض نوجوان حالت بگڑنے پر ہسپتال پہنچ گیااور اسکی چیخ وپکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر پولیس کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر:بگڑتی عالمی صورتحال، سکیورٹی ہائی الرٹ ،34 افغان گرفتار،مقدمہ درج

باغ پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ جاری پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ سٹی پولیس باغ نےاحترام رمضان ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے اور دن دیہاڑے کھانے کی پارٹی پر جمع ہونیوالے 6 نوجوان گرفتار کر لئے ہیں۔

پولیس اہلکاروں نے جن نوجوانوں کو حراست میں لیاجن میں سے ایک نوجوان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جس کے بعد اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال باغ کی ایمرجنسی میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

نوجوان کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی ہے جو باقاعدگی سے دل کے عارضہ کی دوائیاں بھی استعمال کررہا تھا۔

عامر کیساتھ موجودنوجوان کا کہنا ہے کہ نوجوان نے پولیس اہلکاروں کو یہ بھی بتایا تھا کہ وہ بیماری کی وجہ سے روزہ نہیں رکھ سکتا اور اسے دوائی کی ضرورت ہوتی ہے، مگر اس کے باوجود مبینہ طور پر اسے حراست میں لے لیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

عامر کیساتھ گرفتار ہونیوالے نوجوان نے الزام لگایا ہے کہ  ہم سے پولیس اہلکاروں نے پیسے بھی لئے ہیں، عامر کی حالت بگڑنے پراسے ہسپتال کی ایمرجنسی میں چھوڑ کر وہاں سے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: قتل کیس، عامر شہزاد نوابی کا کیرنی کا دورہ ، ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دھانی

واقعے کے بعد اہل خانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب واقعے کے حوالے سے پولیس کا موقف سامنے نہیں آ سکا،شہری حلقوں نے اس واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

Scroll to Top