اسلام آباد:آزادکشمیر کے قائم مقام صدرچوہدری لطیف اکبر کو طبیعت ناساز ہونے پر علاج کیلئے اسلام آباد کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اب ان کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
قائم مقام صدرچوہدری لطیف اکبر کو گزشتہ روز اسلام آباد کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا اور اہلِ خانہ اور قریبی ذرائع کے مطابق ان کی صحت کے لیے تمام احباب سے دعا کی اپیل کی تھی ۔
یہ بھی پڑھیں: سپیکر لطیف اکبر نے یوتھ پارلیمانی فورمز قائم کرنے کی تجویز دیدی
بدھ کی رات کو قائم مقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر کے سوشل میڈیا اکائونٹ اوران کے پی آر او نے قائم مقام صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر کی صحت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔
قائم مقام صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر کی طبیعت الحمدللہ اب پہلے سے بہتر ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کی صحت تسلی بخش انداز میں بہتری کی جانب گامزن ہے۔
ڈاکٹروں نے انہیں مکمل صحت یابی کے لیے مزید کچھ روز آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ چوہدری لطیف اکبر آئندہ ہفتے سے باقاعدہ طور پر اپنی سرکاری و عوامی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
قائم مقام صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر کا شمار آزاد کشمیر کے سینئر اور بااثر سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ چوہدری لطیف اکبر حلقہ کھاوڑہ سے 7 بار ممبر اسمبلی منتخب ہونے کا اعزا ز رکھتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: صدر ریاست کے انتخاب کا شیڈول کیوں جاری نہ ہوسکا؟سوالات اٹھنے لگے
چوہدری لطیف اکبر طویل عرصے سے آزادکشمیر کی سیاست میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور مختلف اہم حکومتی و پارلیمانی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔سیاسی مخالفین بھی ان کی شرافت کی سیاست کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔




