وزیر حکومت چوہدری اخلاق کا بیٹا برطانیہ میں منشیات سپلائی کرتے پکڑا گیا،30ماہ قیدو جرمانہ

آزادکشمیر کے وزیرحکومت چوہدری محمد اخلاق کے بیٹے عباس حسین کو برطانیہ میں منشیات سپلائی میں ملوث ہونے اور جرم قبول کرنے پر30ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

باوثوق ذرائع کے مطابق عباس حسین اخلاق ولد چوہدری محمد اخلاق وزیر مال آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کوایلس بری (Aylesbury) میں کلاس اے منشیات کی سپلائی میں ملوث ہونے کا جرم قبول کرنے کے بعد 30 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کو یتیم نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ نے ’سزائے موت‘ سے متعلق بڑا فیصلہ دیدیا

اکتوبر 2024 میں پولیس افسران نے چوہدری محمد اخلاق کے گھر پر وارنٹ کے تحت تلاشی لی، جہاں سے کوکین، منشیات سے متعلق سامان، نقد رقم اور متعدد موبائل فون برآمد ہوئے۔

ان موبائل فونز میں سے ایک میں منشیات کی فروخت سے متعلق پیغامات موجود تھے، جن میں اشتہاری پیغامات اور گاہکوں کی طرف سے منشیات کی درخواستیں شامل تھیں۔

ذرائع کے مطابق 30 سالہ عباس حسین اخلاق کو 19 فروری بروز جمعرات ایلس بری کراؤن کورٹ نے 30 ماہ قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے اس کے ساتھ ساتھ برآمد شدہ نقد رقم ضبط کرنے، منشیات سے متعلق سامان ضبط کر کے تلف کرنے اور 228 پاؤنڈ بطور وکٹم سرچارج ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

ملزم نے یکم ستمبر 2025 کو اسی عدالت میں کلاس اے منشیات کی سپلائی میں ملوث ہونے کا جرم قبول کیا تھا۔عباس حسین اخلاق پر یکم جولائی 2025 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہنواز کیانی قتل کیس کا فیصلہ: دو مجرمان کو سزائے موت، پانچ کو طویل قید

بکنگھم شائر پولیس کی پروایکٹو ٹیم کے پی سی لیوی فینسم نے کہا کہ پولیس ٹیم منشیات کی سپلائی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی کیونکہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرے پر تباہ کن اثرات ڈالتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی کارروائیاں کھلی اور خفیہ دونوں طریقوں سے جاری رہتی ہیں تاکہ منشیات فروشی کے نیٹ ورکس کو توڑا جا سکے۔

یاد رہے کہ چوہدری محمد اخلاق کوٹلی کے حلقہ سہنسہ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ممبر اسمبلی منتخب ہوئے ہیں جو بعد میں فارورڈ بلاک میں شامل ہوئے اور اب بیرسٹر گروپ کے ساتھ پیپلزپارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔

Scroll to Top