مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ پر فائرنگ، بال بال بچ گئے

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ ، نائب وزیر اعلی اسریندر صدرڈ چودھری اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی پرجموں کے گریٹر کیلاش علاقے میں شادی تقریب کے دوران فائرنگ کی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے ایک روزنامہ کے مطابق تینوں سینئر رہنما گریٹر کیلاش علاقے میں واقع رائل پارک میں ایک شادی کی تقریب میں شریک تھے کہ اسی دوران ایک شخص نے اچانک فائر نگ کر دی جس سے تقریب میں موجود مہمانوں اور سکیورٹی اہلکاروں میں افراتفری مچ گئی۔

اس واقعے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اس وقت معمولی زخمی ہو گئے جب مبینہ طور پر ہتھیار سے نکلنے والے چھینٹے ان کو لگے۔ حکام کے مطابق ان کی چوٹیں زیادہ سنگین نہیں ہیں اور انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبد اللہ اور ناصر اسلم وانی اس واقعے میں مکمل طور پر محفوظ رہے۔ موقع پر موجود پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند ہی منٹوں میں حملہ آور کو قابو کر لیا۔

ملزم کو فوراً حراست میں لے لیا گیا اور فائرنگ میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی ضبط کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ اجلاس: کشمیری وفد کامقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی کارروائی کا مطالبہ

حملے میں ملوث شخص کی شناخت کمل سنگھ جموال ساکن پرانی منڈی جموں کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس اس وقت اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ حملے کے محرکات کا پتہ چلا یا جا سکے۔

پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہے تا کہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فائر نگ کن حالات میں ہوئی اور آیا اس میں کوئی اور افراد بھی ملوث تھے یا نہیں ۔ واقعے کے بعد جموں کے گریٹر کیلاش علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

سینئر پولیس حکام نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ اللہ مہربان ہے۔ میرے والد ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے۔

اس وقت تفصیلات پوری طرح واضح نہیں ہیں ، تاہم اب تک جو معلوم ہوا ہے اس کے مطابق ایک شخص بھری ہوئی پستول کے ساتھ نہایت قریب تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا اور اس نے فائر بھی کیا۔

خوش قسمتی سے قریبی سکیورٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گولی کا رخ موڑ دیا اور یوں قاتلانہ حملے کی یہ کوشش ناکام بنادی۔

Scroll to Top