کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سماجی فلاح و بہبود کی غیر سرکاری تنظیم کورٹ (کورٹ) کے زیر اہتمام مستحق اور نادار خاندانوں کی معاونت کیلئے مالی امداد کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
تنظیم کی جانب سے کوٹلی شہر میں 500 جبکہ ضلع کوٹلی کے دیگر علاقوں بشمول نکیال، چڑہوئی اور گلپور میں مجموعی طور پر 1275 مستحق خاندانوں میں تقریباً ایک کروڑ اکیانوے لاکھ پچیس ہزار روپے بطور مالی امداد تقسیم کیے گئے۔
کوٹلی شہر اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مستحقین میں امدادی رقوم چیک کی صورت میں تقسیم کرنے کے لیے ایک سادہ مگر باوقار تقریب مقامی مارکی میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین کورٹ چوہدری محمد اختر تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوٹلی راجہ عمران شاہین، میئر بلدیہ کوٹلی چوہدری محمد تاج، سابق جج عبدالرحیم زبیر بٹ، ڈی ایس پی چوہدری محمد شہزاد، صدر انجمن تاجران ملک محمد یعقوب، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر نصراللہ صادق، کورٹ کوٹلی کے کوآرڈینیٹر مبارک علی بسمل، ریٹائرڈ جج چوہدری محمد اسحاق، ملک محمد لطیف (برطانیہ)، صحافی کاشف شبیر سمیت دیگر معزز شخصیات نے خطاب کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کابینہ کا بڑا فیصلہ:سرکاری محکموں کی گاڑیوں کے پیٹرول میں 50 فیصد کٹوتی، تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
تقریب میں صدر کھوئی رٹہ پریس کلب غلام محمود جرال، پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری طارق داؤد، سینئر صحافی محمد رضوان قریشی،سردار ذکریا،خؤاجہ خالدسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کورٹ چوہدری محمد اختر نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہے۔
کورٹ گزشتہ کئی برسوں سے مخیر حضرات کے تعاون سے مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم کی کوشش ہے کہ امداد شفاف انداز میں حقیقی مستحقین تک پہنچائی جائے اور آئندہ بھی اس خدمت کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کوٹلی راجہ عمران شاہین نے اپنے خطاب میں کورٹ کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات معاشرے میں بھائی چارے اور احساس ذمہ داری کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے مخیر حضرات اور تنظیم کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مستحق خاندانوں کی مدد کرنا ایک عظیم انسانی فریضہ ہے اور ضلعی انتظامیہ ہمیشہ ایسے مثبت اور فلاحی اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔
دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کورٹ کی کاوشوں کو قابل قدر قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے معاشرے میں محروم طبقات کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس مضبوط ہوتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مستحق خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء نے تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اس کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔




