مراعات کا نوٹیفکیشن مسترد،بلدیاتی نمائندگان کا عدالتی جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: آزاد کشمیر کے 10اضلاع کے چیئرمین ضلع کونسل ہا کا اجلاس کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ مراعات کے نوٹیفکیشن کو مکمل طور پر مسترد کیا گیا۔

بلدیاتی نمائندگان نے موقف اپنا یا ہے کہ چیئرمین ضلع کونسل / لوکل کونسل مقامی حکومت کا سربراہ ہے اپنے اختیارات ، منڈیٹ اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تمام اضلاع برابر ہیں ان میں کوئی تفاوت نہیں، مراعات میں ان کی گریڈنگ قابل قبول نہیں۔

چیئرمین کو اس کے ماتحت افسر سے بھی کم گریڈ دینا عوامی منڈیٹ کی توہین ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کیلئے اعزازیہ،دیگر مراعات منظور، نوٹیفکیشن جاری

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بلدیاتی نمائندگان کی طرف سے جاری عدالتی ، قانونی اور آئینی جدوجہد ہی جاری رکھی جائیگی۔

بلدیاتی نمائندگان نے کہا کہ ماضی میں متعدد بار مذاکرات کے بعد حکومت نے طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا۔ اب تک کئی اجلاسوں میں طے ہونیوالے فیصلے تاخیر کا شکار ہیں۔

رولز، کنڈیکٹ آف بزنس رولز، ٹیکس شیڈول ، ٹریننگ ، دفاتر کیلئے مکانیت، اسامیوں پر تقرریاں، ٹیکنکل اسٹاف کی فراہمی کیلئے تین سالوں میں پیش رفت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن منعقد کیے گئے اور ہائیکورٹ نے اختیارات کیلئے جامع اور بہترین فیصلہ دیا لیکن ایکٹ 2025 دستور العمل کے نام سے پاس کرکے ہائیکورٹ کے فیصلے کو ہی غیر موثر کردیا۔

لہذا آزادکشمیر کے بلدیاتی نمائندگان اب اپنی جنگ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں کریں گے تاکہ ایک بار اختیار مقامی حکومتوں کا نظام فعال اور بحال ہو سکے۔

اجلاس میں ضلعی چیئرمین سردار جاوید شریف ایڈووکیٹ پونچھ، سردار امتیاز عباسی مظفرآباد ، راجہ نویدگوگا میرپور، عبدالغفور جاوید کوٹلی ، امجد جاوید پلندری، پروفیسر آصف باغ، جاوید ڈار حویلی، غلام مجتبیٰ نیلم ویلی، طیب منظور کیانی جہلم ویلی ، سید سکندر نثار گیلانی مئیر مظفرآباد نے شرکت کی جبکہ محمد یوسف چیئرمین بھمبر نے آن لائن شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن ، 13 بلدیاتی نشستوں پرضمنی الیکشن کا شیڈول جاری

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے لوکل فنڈز کی ریلیز پر 17اپریل تک اسٹے آرڈر دے رکھا ہے جبکہ ہائیکورٹ نے 7 اپریل کو بحث کیلئے تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آزادکشمیر حکومت نے بلدیاتی ادروں کے چیئرمینوں اور ڈپٹی چیئرمینوں کی تنخواہ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

Scroll to Top