امریکا نے چندگھنٹوں میں آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی 10کشتیوں اور جہازوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں دعویٰ کیاکہ امریکی فورسز نے گزشتہ چند گھنٹوں میں سرنگیں بچھانے والی 10کشتیوں اور جہازوں کو مکمل تباہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز استعمال کرنیوالے ممالک کو امریکی واسرائیلی سفیروں کو نکالنا ہوگا،پاسداران انقلاب
صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے سوشل میڈیا بیان میں ترمیم کرتے ہوئے دو جملے شامل کئے جن میں انہوں نے وعدہ کیا کہ ایسی کشتیوں کو شدید طاقت کے ساتھ ختم کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور پوسٹ میں پیغام دیا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھائی ہیں تو انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی وجہ سے سرنگیں بچھائی گئی ہیں اور انہیں فوراً نہ ہٹایا گیا تو ایران کو ایسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھے ہوں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران ممکنہ طور پر بچھائی گئی سرنگیں ہٹا دیتا ہے تو یہ درست سمت میں ایک بڑا قدم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا وہی ٹیکنالوجی اور میزائل صلاحیت استعمال کر رہا ہے جو منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کی گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز کی بندش : تیل کی عالمی سپلائی متاثر،بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتے،احسن اقبال
یاد رہے کہ ایران کی فوج پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کو بند کیا ہے اور اسرائیلی و امریکی جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز پاسداران انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور امریکا کے سفیروں کو ملک بدر کرنے والے ممالک آبنائے ہرمز سے گزر سکتے باقی کسی کو گزرنے کی اجازت نہیں دینگے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز زبردستی کھلوانے کی دھمکی دی ہے لیکن اس میں ابھی تک کامیاب نہیں ہوسکے۔




