اسلام آباد:فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی (آج ) منگل کو ہوگی، نیلامی میں ملک کے 3بڑے ٹیلی کام آپریٹر حصہ لیں گے۔
فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد 4 ماہ بعد اسلام آباد اور 4 صوبائی دارالحکومتوں( لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ) میں فائیو جی سروس فراہم کی جائیگی۔
وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے 10مارچ کوآزادکشمیر میں 5جی سروس کے آغاز کا دعویٰ کیا تھا لیکن اب سامنے آنیوالی تفصیلات میں آزادکشمیر کا ذکر موجود نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا 10 مارچ سے فائیوجی لانچ کرنے کا اعلان
یوں وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا یہ اعلان سہانا سپنا ہی ثابت ہوا ہےاور فائیو جی سروس کی امید لگائے بیٹھے لوگوں کو تھری جی سروس بھی میسر نہیں ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل آج منگل کو صبح 10 بجے شروع ہوگا جو مختلف مراحل میں شام تک جاری رہے گا۔ اس نیلامی میں 6 بینڈز شامل ہیں جن میں سے 4 نئے ہیں ۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ ٹیلی کام آپریٹر جاز، زونگ اور یو فون فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی میں حصہ لیں گے ۔ نیلامی کا عمل آن لائن طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔
نیلامی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے پی ٹی اے نے جدید اور خصوصی سسٹم قائم کیا ہے۔ اس ہارڈ ویئر سسٹم کے ذریعے بولی کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی قیادت میں بولی میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا ئے گا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ اس نیلامی کے بعد ٹیلی کام آپریٹرز چار ماہ میں فور جی میں موثر بہتری اور فائیو جی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت اورچاروں صوبائی دارالحکومتوں میں فائیو جی فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں فائیو جی انٹرنیٹ :فریم ورک اور قیمتوں کی تفصیلات سامنے آگئیں
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ ملک میں فائیوجی کی نیلامی سے ملک میں انٹرنیٹ کی فراہمی میں بہتری آئے گی، صارفین کو انٹرنیٹ کی بلاتعطل اور تیز تر فراہمی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 5شہروں میں فائیو جی سروس یقینی بنائیں گے، فائیو جی پہلے مرحلے میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں دستیاب ہوگا۔
شزا فاطمہ کاکہناتھا کہ فور جی کی بہتری پہلی ترجیح ہے،پاکستان میں 95فیصد مقامی سطح پر تیار کردہ موبائل فون استعمال ہوتے ہیں،کوشش ہے زیادہ سے زیادہ لوگ فائیو جی موبائل فون استعمال کریں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک بھر میں فائیو جی سروسز کی فراہمی انفراسٹرکچر کی تکمیل پر منحصر ہو گی، 4سے 6ماہ میں فائیو جی صارفین کیلئے مکمل فعال ہو جائے گا۔




