سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے پاکستانیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں پرسکون رہیں، مقامی قوانین کا احترام کریں اور غیرمصدقہ اطلاعات پھیلنے سے اجتناب کریں۔
سفارت خانہ پاکستان اپنے شہریوں کے ساتھ تعاون اور رہنمائی کے لیے ہمہ وقت خدمات انجام دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کون ہیں؟
سفیر احمد فاروق نے اپنے ویڈیو پیغام میں سعودی عرب میں مقیم 28 لاکھ سے زائد پاکستان سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال میں آپ مکمل پرسکون رہیں اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی قوانین کا احترام کر تے ہوئے کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں اور بذریعہ سوشل میڈیا افواہوں کی ترویج سے گریز کریں۔
کسی بھی صورتحال میں ہدایات کے لیے صرف سعودی حکومت کے مستند ذرائع پر انحصار کریں اور مدد یا رہنمائی کے لیے سفارتخانہ پاکستان کے ان ہنگامی رابطہ نمبرز پر رابطہ قائم کریں جو آپ کی سکرین پر نظر آ رہے ہیں۔
حکومت پاکستان اور سفارتخانہ پاکستان ریاض ان تمام حالات میں آپ کے تحفظ، آسانی اور خیر و عافیت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں اور اس سلسلے میں ہمہ وقت متحرک ہیں۔
پاکستانی سفیر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہمیں اس صورتحال میں پروازوں کی منسوخی یا تبدیلی کی وجہ سے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے لیے پیدا ہونے والی مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کی معاونت کے لیے سعودی عرب میں ائیرپورٹس پر اپنی ٹیموں کو تعینات کر رکھا ہے جو پروازوں میں تعطل کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جہاں ضرورت ہو وہاں لوگوں کو رہائش، خوراک، ادویات اور پروازوں کی دوبارہ بکنگ میں فوری مدد فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران سے جنگ ،امریکا نے ایک اور فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کردی
اسی طرح سعوی عرب کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ منسلک بارڈرز پر بھی ہماری ٹیمیں تعینات ہیں تاکہ وہاں سے آنے والے پاکستانیوں کو قریبی شہروں تک رسائی اور وہاں سے پاکستان واپس جانے کے عمل میں مدد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہنگامی فون نمبرز، سفارتی عملہ اور ٹیمیں آپ کی مدد اور تعاون کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ ہم ان تمام حالات میں ایک بار پھر مملکت سعودی عرب میں موجود اپنے تمام ہم وطنوں کے لیے مکمل تعاون، مدد اور معاونت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔




