اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل) سٹار گیز اے آئی کمپنی کی جانب سے قوتِ گویائی اور سماعت سے محروم خصوصی افراد کے لیے ایک جدید ایپ متعارف کرا دی گئی ہے، جس کا مقصد ایسے افراد کو عام لوگوں سے باآسانی رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے ۔
سابق نیول پائلٹ کمانڈر، مے ڈے فاؤنڈیشن سکول آف موٹیویشن اور سٹار گیز اے آئی کمپنی کے سربراہ شواز بلوچ نے کہا ہے کہ ان کے ادارے نے بین الاقوامی سطح پر ایک ایسی ایپ تیار کی ہے جس کے ذریعے قوتِ گویائی اور سماعت سے محروم افراد نارمل افراد کے ساتھ مؤثر انداز میں رابطہ قائم کر سکیں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے خصوصی افراد کی معذوری رابطے میں رکاوٹ نہیں بنے گی اور وہ اپنی بات باآسانی دوسروں تک پہنچا سکیں گے اور ان کی بات کو سمجھ بھی سکیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:قوت سماعت سے محروم افراد کیلئے نئی تحقیق میں بڑی کامیابی
اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کی بورڈ تیار کیا گیا ہے جو روزمرہ کے معاملات اور رابطے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کی مدد سے خصوصی افراد اپنے مسائل اور خیالات متعلقہ اداروں اور افراد تک پہنچا سکیں گے اور معاشرے میں عام شہریوں کی طرح فعال کردار ادا کر سکیں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کا نام “سائن اوور کی بورڈ” ہے جو پلے اسٹور پر باآسانی اور مفت دستیاب ہے۔ عالمی سطح پر اس ایپ کو ایک انقلابی ایجاد قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کی مدد سے قوتِ گویائی اور سماعت سے محروم افراد کو گویا زبان اور سماعت کا متبادل ذریعہ مل جائے گا ۔
شواز بلوچ نے تجویز پیش کی کہ سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں خصوصی افراد کے لیے ریزرو نشستوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے اور ڈس ایبلٹی ایکٹ 2020 کے تحت ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور کے سپیشل بچوں نے اولمپکس مقابلوں میں 8میڈلز جیت کر تاریخ رقم کردی
سابق نیول پائلٹ کمانڈر شواز بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ وہ خصوصی افراد کی زندگی آسان بنانے کے لیے جدید سائنسی ایجادات پر کام جاری رکھیں گے ۔




