مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)خواتین کے عالمی دن 8 مارچ کے موقع پر چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم، سابق امیدوار اسمبلی ویلی 6 کے پی کے سمعیہ ساجد نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا دن دنیا بھر کی خواتین کی جدوجہد، حقوق اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے
اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی وہ مظلوم خواتین بھی خصوصی توجہ کی مستحق ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے ہندوستانی قابض افواج کے ظلم و جبر، ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین نے تحریک آزادی کشمیر میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اپنے شوہروں، بیٹوں اور بھائیوں کی شہادتوں اور گرفتاریوں کے باوجود حوصلے، صبر اور عزم کے ساتھ آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حلقے میں افسوسناک واقعہ،سمگلرز ایڈیشنل ایس ایچ او سے اسلحہ اور جیکٹ چھین کر فرار
سمعیہ ساجد نے کہا کہ ہندوستانی افواج کی جانب سے گھروں پر چھاپے، خواتین کی تذلیل، گرفتاریاں اور سانحہ کنن پوش پورہ جیسے دلخراش واقعات انسانی تاریخ پر ایک سیاہ دھبہ ہیں جنہیں کشمیری خواتین آج تک نہیں بھلا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے، انہیں سیاسی و سماجی میدان میں فعال کردار دینے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوام افواہوں پر دھیان نہ دیں،وزیراعظم نے قابل عمل حکمت عملی تیار کرلی، عطاتارڑ
مسلم کانفرنس خواتین ونگ آج بھی خواتین کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ قومی و ملی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
سمعیہ ساجد نے کہا کہ کشمیر ویمن الرٹ فورم کے پلیٹ فارم سے بھی خواتین کے حقوق، تعلیم، آگاہی اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے مختلف سیمینارز اور پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث تیل کی عالمی منڈی متاثر ہوئی، وزیرریلوے حنیف عباسی
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کی مظلوم خواتین کی نظریں پاکستان کی طرف لگی ہوئی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین بالخصوص پاکستان کی عسکری قیادت اور فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی قیادت سے امید رکھتی ہیں کہ وہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بن کر عالمی سطح پر ان کے حق خودارادیت کے لیے مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
سمعیہ ساجد نے کہا کہ کشمیری خواتین کی قربانیاں اور استقامت تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ کا روشن باب ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری خواتین آزادی، عزت اور امن کے ساتھ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گی اور کشمیر ایک آزاد اور پُرامن خطہ بنے گا۔




