مظفر آباد: انسپکٹر جنرل آف پولیس آزاد کشمیر، کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے اپنے وعدے کے مطابق عید الفطر سے قبل محکمہ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی جی آزاد کشمیر نے واضح کیا ہے کہ عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے جوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے جائز حقوق کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔
آئی جی لیاقت علی ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ “جس طرح ہم نے وعدہ کیا تھا کہ تمام خالی نشستوں پر ترقیاں کی جائیں گی، آج اس سلسلے میں تین سب انسپکٹرز سجاد احمد، اشتیاق علی اور شاہدہ ممتاز کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز تین ڈی ایس پیز اور دو کلرکوں کو ترقی دی گئی ہے، جبکہ سی پی او (CPO) کی بھی پروموشن ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی لیاقت علی ملک ایمز ہسپتال پہنچ گئے،زیرعلاج اہلکار ودیگر افراد کی خیریت دریافت
آئی جی پولیس نے ان ترقیوں کے عمل میں تعاون پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مستقبل کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اگلے مرحلے میں سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز (ASIs) کی ڈویژنل سطح پر، جبکہ ہیڈ کانسٹیبلز کی ضلعی سطح پر ترقیاں اگلے ہفتے تک مکمل کر لی جائیں گی۔ انہوں نے تمام ترقی پانے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اسی طرح دلجمعی اور محنت سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔




