آزادکشمیر بھر میں عوام سڑکوں پر، اسرائیلی حملوں کیخلاف شدید احتجاج

حویلی، جہلم ویلی، ڈڈیال،وادی لیپا(کشمیر ڈیجیٹل ) ہٹیاں بالا سمیت آزادکشمیر بھر کے مختلف علاقوں میں ایران پر اسرائیلی حملوں کیخلاف عوام سڑکوں پرآگئی۔

ہٹیاں بالا میں نماز جمعہ کے بعد جماعت اسلامی کا احتجاج ہٹیاں بالا میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

یہ احتجاج امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

مظاہرہ محمد بشیر اعوان (امیر جماعت اسلامی، جہلم ویلی) کی نگرانی میں جاری ہے، جس میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور مقامی افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جارحیت اور مسلم قیادت کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے، جس پر امت مسلمہ کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔

دوسری جانب مرکزی ممبر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی خواجہ مہران ایڈووکیٹ کی کال پر ڈڈیال میں عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جبکہ ایران کے حق میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔۔

ریلی کا آغاز مقبول بٹ شہید چوک سے ہوا جس نے شہر کے مختلف بازاروں اور سڑکوں کا چکر لگایا ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔

دوسری جانب وادی لیپا میں بھی نماز جمعہ کے بعد لوگ سڑکوں پرآگئے۔ امریکا بھارت اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی

عوام نے ایران کی فتح کیلئے دعائیں بھی کیں ۔ ریلی میں عوام کی بڑی تعداد سمیت سول سوسائٹی بلدیاتی نمائندگان ،صحافیوں نے شرکت کی۔

یونین کونسل لمنیاں میں انجمن تاجران کی زیر قیادت ایران کے حق میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے ایران پر جاری حملوں کی مذمت کی اور اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔

مقررین نے کہا کہ بے گناہ شہریوں، بچوں اور خواتین پر حملے انسانیت کے خلاف ہیں اور عالمی برادری کو اس جنگ کو رکوانے کے لیے فوری کردار ادا کرنا چاہیے۔

احتجاجی مظاہرے میں اسلامی ممالک سے اپیل کی گئی کہ وہ متحد ہو کر ایران کے حق میں آواز بلند کریں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اقدامات کریں۔

Scroll to Top